ارنا نے فلسطینی میڈیا ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ایک سینیئر رکن نے فلسطین انفارمیشن سینٹرکو بتایا ہے کہ اسماعیل ہنیہ حماس کا ایک اعلی سطحی وفد لے کر تہران کا سفر کررہے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ اسماعیل ہنیہ کی قیادت میں حماس کے ایک وفد کے دورہ تہران کا مقصد ایران کے نئے صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے، قومی سلامتی اورخارجہ پالیسی کمیشن کے رکن ڈااکٹر علاء الدین بروجردی نے بتایا ہے کہ نئے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں اسّی ملکوں کے وفود شرکت کریں گے جن میں گیارہ پارلیمانوں کے سربراہان، چار ڈپٹی اسپیکرس، چار وزرائے اعظم اور دو صدور شامل ہیں۔
تقریب حلف برداری کل منگل کو شام چار بجے ایرانی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی میں منعقد ہوگی۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر مسعود پزشکیان صدارتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں صدر منتخب ہوئے ہیں۔
ایران کے صدارتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں کل 3 کروڑ 5 لاکھ 30 ہزار 157 ووٹ پڑے تھے جن میں سے ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے 1 کروڑ 63 لاکھ 84 ہزار 403 ووٹ حاصل کئے تھے اور ان کے حریف سعید جلیلی کو 1 کروڑ 35 لاکھ 38 ہزار 179 ووٹ ملے تھے۔
آپ کا تبصرہ